یومِ آزادی بھارت کے خوابوں کو شرمندۂ تعبیر کرنے اور ملک کو بہترین بنانے کے عزم کا موقع: صدرِ جمہوریہ
مدثر عالم |
Aug. 15, 2026, 12:43 a.m. | قومی خبریں
نئی دہلی، 14 اگست ۔صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعہ کو 80ویں یومِ آزادی کے قبل شام ملک کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آزادی کی معنویت اسی میں ہے کہ ہندوستان کے عوام اپنے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور ملک کو بہترین قوم بنانے کے جذبے کے ساتھ کام کریں۔قوم کے نام اپنے خطاب میں صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ چند ہی گھنٹوں بعد ملک کی آزادی کے 80ویں سال کا آغاز ہوگا۔ ملک اور بیرونِ ملک رہنے والے تمام ہندوستانی اس قومی تہوار کو جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہیں۔ ترنگا ہماری آزادی کی علامت ہے اور ہم اسے پوری شان و شوکت کے ساتھ لہراتے ہیں۔مرمو نے کہا کہ 15 اگست 1947 کو بھارت غلامی کی زنجیروں سے آزاد ہوا اور تمام شہری آزاد ہندوستان کی تقدیر کے معمار بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی تعمیر میں معاشرے کے ہر طبقے کا اہم کردار ہے۔انہوں نے فرض شناس طلبہ اور اساتذہ، ترقی کے لیے کام کرنے والے سائنس دانوں اور انجینئروں، ڈاکٹروں اور صحت کارکنوں، محنت کش مزدوروں اور کسانوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت کھلاڑی، دستکار، فنکار، دانشور، نجی و سرکاری شعبے کے محنتی ملازمین، عوامی نمائندے، عدالتی نظام سے وابستہ افراد اور سول سروسز کے افسران بھی ملک کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
