गुरुवार, 23 मई 2024
E-Paper

’آپ ہمیشہ یاد آئیں گے بھیا...‘ہیمنت سورین

مدثر عالم | Sept. 6, 2026, 7:11 p.m. | جھارکھنڈ
’آپ ہمیشہ یاد آئیں گے بھیا...‘ہیمنت سورین
، ریاستی وزیر سدیویہ کمار سونو کے اچانک انتقال پر جذباتی ہوئے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین ہیمنت سورین نے کہا کہ ’سونو بھیا آپ کا چلے جانا میرے لیے ذاتی نقصان ہے۔ آپ کی کمی ہمیشہ محسوس ہوگی۔ آپ کی محبت، آپ کی جدوجہد اور جھارکھنڈ کے لیے آپ کی وابستگی کو میں زندگی بھر اپنے ساتھ لے کر چلوں گا‘ رانچی:جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اپنے قریبی ساتھی اور ریاستی حکومت کے وزیر سدیویہ کمار سونو کے اچانک انتقال سے غم زدہ ہیں۔ انہوں نے سونو کے انتقال کو اپنے لیے ذاتی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے جانے سے زندگی میں ایسی خلا پیدا ہو گئی ہے، جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کیے گئے اپنے جذباتی پیغام میں کہا کہ ’’دیر رات اپنے بڑے بھائی اور ہمارے پیارے سدیویہ کمار سونو جی کے انتقال کی افسوسناک خبر ملی۔ اس خبر کو قبول کر پانا میرے لیے انتہائی مشکل ہے۔ سونو بھیا کا چلے جانا میری زندگی میں ایسا خلا چھوڑ گیا ہے، جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔‘‘ ہیمنت سورین اپنی پوسٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ ’’سونو بھیا میرے لیے صرف ایک سینئر ساتھی یا سیاسی رفیق نہیں تھے۔ وہ بڑے بھائی کی طرح تھے، محبت دینے والے، رہنمائی کرنے والے اور ہر مشکل وقت میں مضبوطی سے ساتھ کھڑے رہنے والے۔ ان کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات اور ان سے ملی سیکھ ہمیشہ میرے ساتھ رہے گی۔‘‘ ان کے مطابق جھارکھنڈ تحریک کے دور سے ہی وہ آنجہانی بابا دِشوم گرو جی کے ساتھ پوری وفاداری اور مضبوطی سے کھڑے رہے۔ جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے ایک مخلص سپاہی کی حیثیت سے انہوں نے اپنی پوری زندگی جھارکھنڈ کی شناخت، حقوق اور خودداری کی لڑائی کے لیے وقف کر دی۔ جھارکھنڈ کے تئیں ان کی وابستگی اور ان کا جدوجہد کرنے والا جذبہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ ’’آج انہیں یاد کرتے ہوئے دل بار بار یہی سوچتا ہے کہ زندگی کتنی عارضی ہے۔ کل تک جو آواز ہمارے درمیان تھی، آج وہ صرف یادوں میں رہ گئی ہے۔ سونو بھیا، آپ کا چلے جانا میرے لیے ذاتی نقصان ہے۔ آپ کی کمی ہمیشہ محسوس ہوگی۔ آپ کی محبت، آپ کی جدوجہد اور جھارکھنڈ کے لیے آپ کی وابستگی کو میں زندگی بھر اپنے ساتھ لے کر چلوں گا۔‘‘ ہیمنت سورین نے آخر میں لکھا کہ ’’آپ ہمیشہ یاد آئیں گے بھیا...‘‘