गुरुवार, 23 मई 2024
E-Paper

ریاستی وزیر سدیویہ کمار سونو کا انتقال

مزمل عالم | Sept. 6, 2026, 7:13 p.m. | جھارکھنڈ
ریاستی وزیر سدیویہ کمار سونو کا انتقال
دیر رات پڑا تھا دل کا دورہ جے ایم ایم نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے مخلص ساتھی اور جھارکھنڈ حکومت کے وزیر سدیویہ کمار کے بے وقت انتقال سے پورا جے ایم ایم خاندان صدمے اور گہرے رنج میں ہے۔‘‘ گریڈیہہ:جھارکھنڈ سے اس وقت کی انتہائی افسوسناک اور بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ جھارکھنڈ حکومت کے وزیر اور گریڈیہ سے رکن اسمبلی سدیویہ کمار سونو کا انتقال ہو گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ دل کا دورہ پڑنے کے بعد ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی تھی۔ ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ پر شائع خبر کے مطابق اچانک طبیعت خراب ہونے کے بعد سدیویہ کمار سونو کو گریڈیہ کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں علاج کے لیے لے جایا گیا۔ اسپتال میں علاج کے دوران ان کا انتقال ہو گیا۔ ریاستی وزیر کے انتقال کی خبر ملتے ہی گریڈیہ سمیت پورے جھارکھنڈ میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔ ان کے حامیوں اور پارٹی کارکنان کا ان کی رہائش گاہ پر پہنچنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ سدیویہ کمار سونو جھارکھنڈ کی سیاست میں ایک نمایاں چہرہ رہے ہیں۔ گریڈیہ اسمبلی حلقے میں ان کی مضبوط سیاسی گرفت مانی جاتی تھی۔ دوسری جانب وزیر سدیویہ کمار سونو کے انتقال پر جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کر کے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جے ایم ایم نے لکھا کہ ’’زندگی کی ناپائیداری… کل تک جو ساتھی ہمارے درمیان تھے، آج ان کی یادیں ہی ہمارے ساتھ ہیں۔‘‘پارٹی نے اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’’زندگی کی غیر یقینی صورتِ حال نے ہمیں ایک بار پھر گہرے دکھ اور سوگ میں مبتلا کر دیا ہے۔ جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے مخلص ساتھی اور جھارکھنڈ حکومت کے وزیر سدیویہ کمار کے بے وقت انتقال سے پورا جے ایم ایم خاندان صدمے اور گہرے رنج میں ہے۔ ان کا چلے جانا پارٹی، حکومت اور جھارکھنڈ کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔‘‘ جھارکھنڈ مکتی مورچہ نے یہ بھی لکھا کہ ’’ان کی جدوجہد، خدمات اور تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جھارکھنڈ مکتی مورچہ خاندان کی جانب سے دلی خراج عقیدت۔ ایشور ان کی روح کو سکون عطا کرے اور سوگوار خاندان اور تمام ساتھیوں کو اس مشکل گھڑی میں حوصلہ دے۔ آخری جوہار۔‘‘