روبیو کے ممبئی دورے پر راہل گاندھی کا طنز، کہا: آخر یہ چل کیا رہا ہے؟
مدثر عالم |
Oct. 16, 2026, 6:09 p.m. | صفحہ اول
نئی دہلی، 16 اکتوبر ۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے آئندہ ہندوستان دورے کے دوران ممبئی میں سیاسی قیادت کے بجائے ’حکومت ہند کے افسران‘ سے ہونے والی غیر معمولی ملاقات کو لے کر مرکزی حکومت پر طنز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کے افسران بھی اس بات کو لے کر الجھن میں ہیں کہ آخر یہ ہو کیا رہا ہے۔ راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اس صورت حال کی وضاحت کرنے کی اپیل کی ہے۔راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ”مسٹر روبیو نے اپنے ملازم کو ممبئی بلایا ہے۔ مودی جی، وزارت خارجہ میں آپ کے افسران اس بات کو لے کر الجھن میں ہیں کہ آخر چل کیا رہا ہے۔ بہتر ہوگا کہ آپ ہی سمجھا دیں۔ یا پھر، اگر آپ چاہیں تو میں بھی سمجھا سکتا ہوں۔“راہل گاندھی کا یہ بیان ہندوستان میں امریکہ کے سفیر سرجیو گور کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو ممبئی میں حکومت ہند کے افسران سے ملاقات کریں گے۔ گور نے کہا تھا کہ انہیں امید ہے کہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھی اس موقع پر موجود ہوں گے اور دہلی سے دیگر افسران بھی ممبئی پہنچیں گے۔ امریکی سفیر نے روبیو کے اس دورے کو ’زیادہ پیشہ ورانہ امور پر مرکوز‘ قرار دیا تھا۔تاہم، وزارت خارجہ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی جانب سے اب تک اس معاملے یا راہل گاندھی کے بیان پر کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔اس سے قبل جمعرات کو کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے بھی سوال اٹھایا تھا کہ ہندوستان کے وزیر خارجہ کی ملک کے اندر ہونے والی ممکنہ ملاقاتوں کی اطلاع وزارت خارجہ یا اس کے سرکاری ترجمان کے بجائے امریکی سفیر کیوں دے رہے ہیں۔ انہوں نے اسے غیر معمولی قرار دیتے ہوئے وزارت خارجہ کی خاموشی پر بھی سوال اٹھائے تھے۔
