حملہ آوروں اور ان کے سرپرستوں کی شناخت ہوچکی:وزیراعلیٰ فڑنویس کا دعویٰ،
مدثر عالم |
Oct. 19, 2026, 8:48 p.m. | قومی خبریں
ممبئی، 19 اکتوبر۔ وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے پیر کو کہا کہ اداکارٹائیگر شروف پرفائرنگ کی تحقیقات میں حملہ آوروں اور ان کے سرپرستوں کی شناخت ہوچکی ہے اور کسی کو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے حملہ آوروں کو بزدل کہہ کر بتایا کہ ممبئی پولیس مرکزی حکومت سے رابطہ کرکے ان کے خلاف کارروائی کرے گی، چاہے وہ کہیں بھی ہوں۔ فڑنویس کے مطابق پولیس کو تمام معلومات مل چکی ہیں، تمام ملزمان جلد گرفت میں ہوں گے۔نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے پیر کی صبح ٹائیگر شروف کی رہائش گاہ پہنچے۔ انہوں نے فائرنگ کو تشویشناک قرار دے کر کہا کہ واقعے کے بعد ممبئی پولیس کمشنراوراداکاردونوں سے بات کی تھی۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے متعدد ٹیمیں بنی ہیں۔ حکومت ممبئی میں خوف پھیلانے والے گروہوں کو برداشت نہیں کرے گی۔اتوار کو جوہو کے پشپا پارک کے قریب نامعلوم حملہ آوروں نے ٹائیگر شروف کی کار پر فائرنگ کی تھی۔ ممبئی پولیس نے تصدیق کی کہ اداکارکوگولی نہیں لگی اور وہ محفوظ ہیں۔ تاہم پیر کی اطلاعات کے مطابق بارود اور شیشے کے ٹکڑوں سے انہیں معمولی خراشیں آئیں اور معائنے کے بعد اسپتال سے چھٹی ملی۔ ان کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا۔ ناناوتی اسپتال کے ذرائع کے مطابق ڈرائیور کے بائیں ہاتھ میں گولی لگی اور آپریشن کی ضرورت پڑسکتی ہے۔ذرائع کے مطابق ، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پوسٹ میں لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جس کی پولیس نے تصدیق نہیں کی۔ ہندی پوسٹ میں دعویٰ تھا کہ اداکار کو فون پر سمجھانے کی کوشش کی گئی، مگر وہ نہیں مانے، اس لیے انہیں اس انداز میں سمجھایا گیا۔ متن میں پنڈت کے حوالے سے دھمکی دی گئی کہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والے فنکاروں پر حملے جاری رہیں گے اور جو ان کی بات نہیں مانے گا یا سلمان خان کے ساتھ کام کرے گا، اس کا اگلا نمبر ہوگا۔ پوسٹ میں انتظار کرنے کو بھی کہا گیا تھا۔
